ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہریانہ: 1031 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں محفوظ، نتائج 8 اکتوبر کو جموں و کشمیر کے ساتھ متوقع

ہریانہ: 1031 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں محفوظ، نتائج 8 اکتوبر کو جموں و کشمیر کے ساتھ متوقع

Sun, 06 Oct 2024 12:12:04    S.O. News Service

نئی دہلی ، 6/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) جموں و کشمیر کے بعد ہریانہ میں بھی اسمبلی انتخابات آج مکمل ہو گئے۔ ہریانہ کی 90 اسمبلی سیٹوں کے لیے آج ایک ہی مرحلے میں ووٹ cast کیے گئے، جس کے ساتھ ہی 1031 امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں محفوظ ہو گئی۔ اب 8 اکتوبر کو جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے نتائج کے ساتھ ساتھ ہریانہ اسمبلی انتخابات کے نتائج بھی سامنے آئیں گے۔ اس طرح 8 اکتوبر تک مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر اور ریاست ہریانہ کے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کی دھڑکنیں تیز رہیں گی۔

ہریانہ اسمبلی انتخاب میں ہفتہ کے روز خبر لکھے جانے تک 61.50 فیصد ووٹنگ کی اطلاع ہے۔ چیف الیکشن کمشنر ہریانہ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کر مطلع کیا ہے کہ ہریانہ میں ریکارڈ 61.50 فیصد ووٹ ڈالے گئے ہیں اور اس میں کچھ اضافہ کا امکان ہے، کیونکہ کچھ پولنگ بوتھ سے ووٹوں کا حتمی فیصد آنا باقی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہریانہ میں برسراقتدار بی جے پی تیسری مرتبہ برسراقتدار ہونے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ کانگریس ایک دہائی بعد حکومت میں واپسی کو لے کر پُرامید ہے۔ سیاسی ماہرین بھی اس بار کانگریس کی کامیابی کو لے کر پیشین گوئیاں کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، حالانکہ 8 اکتوبر کو ہی پتہ چل سکے گا کہ حکومت کس کی بنے گی۔

آج ہوئی ووٹنگ کے تعلق سے افسران نے بتایا کہ شام 6 بجے تک بیشتر پولنگ بوتھ پر ووٹنگ کا عمل انجام پا گیا۔ جن مقامات پر لوگ 6 بجے کے بعد بھی قطار بند تھے، انھیں ووٹ دینے کا موقع میسر کیا گیا۔ ریاست میں کچھ مقامات پر تشدد کی خبریں بھی سامنے آئیں۔ مثلاً نوح میں 2 امیدواروں کے حامی متصادم ہو گئے جس میں کم از کم 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسی طرح کچھ دیگر مقامات پر بھی مار پیٹ جیسے واقعات پیش آئے ہیں جنھیں سیکورٹی اہلکاروں نے فوراً ہی قابو میں کر لیا۔


Share: